By: کیف مرادآبادی
اہل دل جو بھی بات کہتے ہیں
کوئی راز حیات کہتے ہیں
ان کے غم سے ہے جاوداں ورنہ
زیست کو بے ثبات کہتے ہیں
ہائے وہ دور عشق جب آنسو
داستان حیات کہتے ہیں
خواب غفلت میں جو گزرتا ہے
ہم تو اس دن کو رات کہتے ہیں
عشق کی اصطلاح میں غم کو
انقلاب حیات کہتے ہیں
جو بھی ہیں واقف حقیقت دل
دل کو ہی کائنات کہتے ہیں
لفظ و معنی میں آ نہیں سکتی
وہ نظر سے جو بات کہتے ہیں
مرد حق میں تو ماسوا کو بھی
پرتو حسن ذات کہتے ہیں
مدتوں غور کرنا پڑتا ہے
ان سے جب دل کی بات کہتے ہیں
کار گاہ نقوش عبرت کو
کیفؔ سب کائنات کہتے ہیں
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?