Bazm e Urdu - The urdu poetry app

اٹھ چلے وہ تو اس میں حیرت کیا

By: ساغر خیامی

اٹھ چلے وہ تو اس میں حیرت کیا
ان کے آگے وفا کی قیمت کیا

اس کے کوچے سے ہو کے آیا ہوں
اس سے اچھی ہے کوئی جنت کیا

شہر سے وہ نکلنے والے ہیں
سر پہ ٹوٹے گی پھر قیامت کیا

تیرے بندوں کی بندگی کی ہے
یہ عبادت نہیں عبادت کیا

کوئی پوچھے کہ عشق کیا شے ہے
کیا بتائیں کہ ہے محبت کیا

آنسوؤں سے لکھا ہے خط ان کو
پڑھ وہ پائیں گے یہ عبارت کیا

میں کہیں اور دل لگا لوں گا
مت کرو عشق اس میں حجت کیا

گرم بازار ہوں جو نفرت کے
اس زمانے میں دل کی قیمت کیا

کتنے چہرے لگے ہیں چہروں پر
کیا حقیقت ہے اور سیاست کیا


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore