By: Azra Naz
تری چاہت کا مجھ کو گر کوئی احساس نہ ہوتا
تو پھر اے ہمسفر تو آج میرے پاس نہ ہوتا
مرے اپنوں کی چاہت میں کمی شاید رہی ورنہ
مری تقدیر میں لکھا تو یہ بن باس نہ ہوتا
نہ ملتیں ہر قدم پر ٹھوکریں مجھ کو زمانے کی
روئیے میں مرے گر اس قدر اخلاص نہ ہوتا
نہ ہوتی گر شروع سے مجھ کو عادت ذود رنجی کی
یہ رنج و غم کا موسم مجھ کو ہر گز راس نہ ہوتا
بڑا ہی عام سا وہ شخص تھا لیکن کھلا مجھ پر
نہ ہوتا پیار گر اس سے تو پھر وہ خاص نہ ہوتا
میں خوش رہتی ہوں ہر لمحہ یہی اکثر جتاتی ہوں
اگر یہ سچ ہے تو دل یوں سراپا یاس نہ ہوتا
دیا وہ غم کہ میرے دل کو چھلنی کر دیا تم نے
اگر ایسا نہ کرتے تم ، یہ دل بے آس نہ ہوتا
چرالی اس نے خوشبو موسمِ گل کی سبھی عذراؔ
وگرنہ اس طرح ہر پھول تو بے باس نہ ہوتا
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?