Bazm e Urdu - The urdu poetry app

چال طوفاں کی نہ موجوں کا اِشارہ سمجھے

By: Azra Naz

چال طوفاں کی نہ موجوں کا اِشارہ سمجھے
ڈوُبتے وقت بھنور کو بھی کنارا سمجھے

توُ کسی اور کی شاموں کے اُفق پر چمکا
ہم تجھے اپنے مقدر کا ستارا سمجھے

کیا خبر تھی کہ کسی روز بنے گا دُشمن
آہ جس شخص کو ہم جان سے پیارا سمجھے

دیکھتے دیکھتے اِک پل میں زمیں بوس ہوا
ہم جسے عظمت و ایقاں کا منارا سمجھے

ڈوُبتے وقت بھی خوش فہمی کا یہ عالم تھا
ایک تنکے کو ہی ہم اپنے سہارا سمجھے

تیری نظروں کے بدلتے ہوۓ نظاروں کو
ہم بدلتے ہوۓ موسم کا اشارہ سمجھے

بڑھتا جاتا ہے یہ اِک شور سا کیسا عذرا
کیا کہا میں نے ، یہ کویٔ تو خدارا سمجھے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore