Bazm e Urdu - The urdu poetry app

نیکی کا انعام

By: Shabbir Rana


دو گلشن ہیں اس کا مقدر جو ڈر کے کرے گزران
عجز و نیاز کے عالم میں جو رب کی کرے پہچان
فبای الا ربکما تکذبان
جنت کے دو گلشن جن میں دو چشموں کی ہے بہار
سر سبز و شاداب پھلوں سے لدے ہیں سب اشجار
ان باغوں میں بھی دیکھو گے پھلوں کی دو اقسام
جنت کے باغوں میں جنتی پھریں گے مست خرام
مسند گل پر زربفت اوربنات کی بچھی ہوئی چادر ہو گی
ایسے حسیں منظر میں مسرت ہر چہرے پر ظاہر ہو گی
سجدہ شکر میں پھلوں سے لدی ہر شاخ نظر آئے گی
جنت کی مخلوق یاں خوشی سے پھولے نہ سمائے گی
عفت،شرم و حیا اور نیکی حوروں کی پہچان
جنھیں دیکھ سکا نہ کوئی جن اور نہ ہی انسان
سچے دل،پاکیزہ جذبے اور صحیح اذہان
ہیرے اور موتی سے مماثل زرق برق گفتار
حسن سراپاان حوروں کا اور عظیم کردار
اپنے خالق سے پاؤ گے نیکی کا یہ احسان
فبای الا ربکما تکذبان
اس کے علاوہ اور بھی دو باغ ہوں گے وہاں موجود
ان با غوں میں واجب ہے تم کو تسبیح اور سجود
یہ گلشن انواع و اقسام کے پودوں پھولوں سے لبریز
عقیدت کے جذبات تو ان کے ہوں گے پھر مہمیز
دو چشمے ان دو باغوں کا حسن بڑھائیں گے
جنت کے باسی تو یہاں پر خوب سکوں پائیں گے
جنت کے یہ باغ ہوں گے اتنے سرسبز و شاداب
ان کی کہیں نظیر نہیں ہے یہ سب ہیں نایاب
فواروں کی صورت چشمے یہاں پاؤ گے
ان میں بھی ہوں گے کثرت سے اثمار اور اشجار
اور اشجار میں عام ملیں گے انار اور کھجور
جن سے ملے گی دل کو تسلی ہو گی کلفت دور
صحن چمن میں ایستادہ ہوں گے حوروں کے خیام
شرم و حیا کی پیکر حوریں کریں گی یہاں قیام
دنیا میں جو پیتے رہے صبر و رضا کے جام
جنھوں نے نفس کے شر کا کر دیا قصہ سارا تمام
حشر کے دن ان کو ملیں گے یہ سارے انعام
حسن حقیقی سو رنگوں میں جلوہ گر ہوتا ہے
انساں کے اذہان و قلوب میں اس کا گھر ہوتا ہے
وہ خالق ہے ارض و سما کا اس کا بڑا مقام
بے نیاز ہے اس کی ہستی عا جز سب انسان
فبای الا ربکما تکذبان


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore