By: Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi
کیا خالق نے اظہارِ محبت یارسول اللہ
بنا کر تم کو سلطانِ رسالت یارسول اللہ
رسولوں میں بڑھادی حق نے عظمت یارسول اللہ
عطا کرکے تمہیں تاجِ شفاعت یارسول اللہ
جہاں میں اُن کو ہی حاصل ہے عزت یارسول اللہ
ہے جن پر آپ کی چشمِ عنایت یارسول اللہ
کرم ہے آپ کا جو آپ کی اُمّت کو داور نے
کہا قرآں میں کُنتم خیرَ اُمّت یارسول اللہ
کہے کیوں کر نہ یہ دنیا امام المرسلیں تم کو
جو کی تم نے رسولوں کی امامت یارسول اللہ
قسم اللہ کی شق القمر کا معجزہ سُن کر
زمانہ آج بھی ہے محوِ حیرت یارسول اللہ
عبادت لات و عزّیٰ کی جہاں دن رات ہوتی تھی
وہاں کی آپ نے دیٖں کی اشاعت یارسول اللہ
یہی ہے آرزو میری یہی ہے التجا میری
رہیں شاداں ہمیشہ اہلِ سُنّت یارسول اللہ
بفیضِ ازہری اختر مُشاہدؔ ہے گداے در
کرم اس پر بھی ہو ازراہِ شفقت یارسول اللہ
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?