Bazm e Urdu - The urdu poetry app

اک صحیفہ نیا اترا ہے سنا ہے لوگو

By: رضیہ فصیح احمد

اک صحیفہ نیا اترا ہے سنا ہے لوگو
مارنا دوست کا بھی جس میں روا ہے لوگو

ہم نے جو کچھ نہ کیا اس کی سزا بھی پائی
اور وہ جو بھی کرے سب ہی روا ہے لوگو

ظلم کی حد ہے جہاں ختم وہاں پر وہ ہے
ڈھونڈ لو اس کو یہی اس کا پتا ہے لوگو

دل میں اک شعلۂ امید تھا سو سرد ہوا
چاند ماتھے کا مرے کب کا بجھا ہے لوگو

جس کو تم کہتے ہو خوش بخت سدا ہے مظلوم
جینا ہر دور میں عورت کا خطا ہے لوگو

دیکھیے زخم کا کیا حال ہوا ہے رضیہؔ
آج تو درد مرا حد سے سوا ہے لوگو


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore