Bazm e Urdu - The urdu poetry app

روح کا کرب

By: M Usman Jamaie

یہ میری قسمت
کہ جس ہتھیلی پہ میرے حصے کی زندگی ہے
وہی نہیں ہے
یہ میری قسمت
وہ آنکھ جس میں اُجالے میرے اندھیروں کے واسطے سجے ہیں
وہی نہیں ہے
یہ میری قسمت
کہ جن لبوں پر مسرتیں میرے نام کی ہیں
نہیں ہیں میرے
یہ میری قسمت
کہ جس جبیں پر لکھا ہے میرا سکون پانا
مرے لبوں سے ہے دور کتنی
وہ ہاتھ جس کے بغیر میرے ہیں ہاتھ خالی
نہیں ہے وہ دسترس میں میری

حقیقتوں کا ہے ایک صحرا
جہاں پڑے میرے خواب پیاسے سسک رہے ہیں
خیال میرے ہیں پھول جیسے کہ گرد جن کے
ہزار شعلے بھڑک رہے ہیں

وہ جو مری روح میں ہے اُترا
جو میرے دل میں دھڑک رہا ہے
مرے خیالوں کا جو مکیں ہے
نظر اُٹھا کر جو دیکھتا ہوں
ہیں سارے منظر، ہیں سارے چہرے
وہی نہیں ہے
کہیں نہیں ہے
یہ میری قسمت
 


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore