By: اعلیٰحضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ الرحمٰن
اے شافع امم شہ ذی جاہ لے خبر
ﷲ لے خبر میری ﷲ لے خبر
دریا کا جوش ناؤ نہ بیڑا نہ نا خدا
میں ڈوبا تو کہاں ہے میرے شاہ لے خبر
منزل کڑی ہے رات اندھیری میں نابلد
اے خضر لے خبر میری اے ماہ لے خبر
پہنچے پہنچنے والے تو منزل مگر شہا
ان کی جو تھک کے بیٹھے سر راہ لے خبر
جنگل درندوں کا ہے میں بے یار شب قریب
گھیرے ہیں چار سمت سے بد خواہ لے خبر
منزل نئی عزیز جدا لوگ ناشناس
ٹوٹا ہے کوہ غم میں پرکاہ لے خبر
وہ سختیاں سوال کی وہ صورتیں مہیب
اے غمزدوں کے حال سے آگاہ لے خبر
مجرم کو بارگاہ عدالت میں لائے ہیں
تکتا ہے بے کسی میں تیری راہ لے خبر
اہل عمل کو ان کے عمل کام آئیں گے
میرا ہے کون تیرے سوا آہ لے خبر
پرخار راہ برہنہ پا تشنہ آب دور
مولیٰ پڑی ہے آفت جانکاہ لے خبر
باہر زبانیں پیاس سے ہیں آفتاب کرم
کوثر کے شاہ کثرہ اﷲ لے خبر
مانا کہ سخت مجرم و نا کارہ ہے رضاؔ
تیرا ہی تو ہے بندہ درگاہ لے خبر
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?