By: muhammad nawaz
زمانے کی اداؤں کو
محبت کی جفاؤں کو
پہاڑوں سی اناؤں کو
زخم دیتی ہواؤں کو
ہمیں اک ساتھ سہنا ہے
ہمیں اک ساتھ رہنا ہے
محبت کا نشاں بن کر
عقیدت کی زباں بن کر
ارادوں کا جہاں بن کر
امنگوں کی اماں بن کر
خزاؤں سے بھی کہنا ہے
ہمیں اک ساتھ رہنا ہے
جنوں ہم سے وفا ہم سے
سمے کی ہر ادا ہم سے
گلابوں میں حیا ہم سے
کتابوں میں ندا ہم سے
یہی جذبوں کا گہنا ہے
ہمیں اک ساتھ رہنا ہے
جو اک آنچل سا چھایا ہے
جسے تم نے اڑایا ہے
ترنگوں میں سما یا ہے
بہت کرنوں کو بھایا ہے
یہی موسم نے پہنا ہے
ہمیں اک ساتھ رہنا ہے
ہمیں جگنو پکڑنے ہیں
ہمیں کچھ رنگ بھرنے ہیں
ابھی کچھ دیپ جلنے ہیں
ابھی تارے بکھرنے ہیں
ابھی پلکوں سے بہنا ہے
ہمیں اک ساتھ رہنا ہے
جسے روکا ہے بختوں نے
جسے سمجھانہ تختوں نے
جسے گایا ہے بھگتوں نے
پرندوں نے درختوں نے
تمہیں وہ لفظ کہنا ہے
ہمیں اک ساتھ رہناہے
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?