Bazm e Urdu - The urdu poetry app

اُن کے ہونٹوں پہ جو ہنسی کم ہے

By: wasim ahmad moghal

اُن کے ہونٹوں پہ جو ہنسی کم ہے
میری آنکھوں میں کیا نمی کم ہے

اب تو کلیاں بھی مسکراتی نہیں
اور شبنم میں بھی نمی کم ہے

آج پھولوں میں بھی نہیں خوشبو
آج کل اُن سے دوستی کم ہے

جب سے وہ چھوڑ کر گیا ہے مجھے
چاند کیوں تیری چاندنی کم ہے

ہجر کی رات اور اتنی طویل
کون کہتا ہے زندگی کم ہے

اتنی تو ہو کہ بھول جاؤں اسے
ساقیا یہ تو مے کشی کم ہے

اُن سے کرتے ہو رات دن باتیں
پھر بھی کہتے ہو بے خودی کم ہے

میں نہیں دیتا اُن کو پیمانہ
جن عزیزوں میں تشنگی کم ہے

ہم کسی سے جفا نہیں کرتے
دوستو ہم میں یہ کمی کم ہے

تیری کڑوی کسیلی باتوں سے
میرے شعروں میں چاشنی کم ہے

اُس نے مانگا ہے آج میرا لہو
کیسے کہہ دوں کہ یہ خوشی کم ہے

تیرے نورِ جمال کے آگے
چاند تاروں کی روشنی کم ہے

تیرے حسنِ خیال سے جاناں
سچ تو یہ ہے یہ شاعری کم ہے

اُس کی زلفوں کی کالی رنگت سے
میری قسمت کی تیرگی کم ہے
 


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore