By: Wamiq Kakakhel
تم عام آدمی ہو وطن کی تم آن ہو
تم معتبر ہو تم ہی وطن تم ہی قوم ہو
آگے بڑھو اور ان کو مٹا دو فنا کرو
جو ننگ دیں ہو ننگ وطن ننگ قوم ہو
گدی سے کھینچو اس کی زباں جھوٹ بولے تو
بے حس ہو رہنما تو سر دار کھینچ دو
وعدے نبھانے والوں کو سر پہ بٹھا رکھو
وعدہ خلاف ہو تو حکومت کا حق نہ دو
فرمان کوتوال شہر آج کا یہ ہے
دنیا سے ہر غریب کی ہستی مٹا ہی دو
رسم کہن تغیر اوقات ہی تو ہے
بدلے گا وقت چہروں کو اک بار بدلو جو
کاغذ کا ایک پرزہ جو طاقت تمہاری ہے
یہ گڑگڑائیں بھی تو انہیں بھیک میں نہ دو
ان سے حساب لو جو انہیں دے چکے ہو تم
چھینو تمہارے نام سے لوٹا انہوں نے جو
جو رہبروں کے بھیس میں رہزن تمہیں ملے
اس کی قبائے قیمتی کی دھجیاں کرو
افلاس و بھوک تم کو جو دیتا ہے رہنما
پیروں تلے سے اس کے زمیں اپنی کھینچ لو
آئین کی محافظت کے نام پہ اگر
آئین توڑے کوئی تو زنداں میں ڈال دو
مذہب کے نام نفرتیں جو بانٹتے پھریں
ان غار پیٹ والوں کی منطق کو مت سنو
سرمایہ دار کب ہوا ساتھی غریب کا
نہ منتخب کرو نہ حکومت ہی اس کو دو
حاکم یہ سارے جھوٹ کے حرفوں سے ہیں بنے
سب اہل اقتدار تمہارے دروغ گو
دو گز زمیں دفن کو تمہیں دے نہیں رہے
ان کے سروں سے محلوں کی چھت تم بھی چھین لو
اغیار کے نمائندے جو حکمران ہیں
کھینچو سڑک پہ ان کو وطن سے نکال دو
مل مالکوں وڈیروں کے بے رحم راج کا
اب خاتمہ قریب ہے ہمت جو تم کرو
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?