By: Wasim Ahmad Moghal
چاند دیکھو نہ چاندنی دیکھو
سبز گنبد کی دلکشی دیکھو
تارے جس کا طواف کرتے ہیں
وہ مدینے کی ہے گلی دیکھو
کہکشاں بچھ رہی ہے راہوں میں
کون آیا ہے آدمی دیکھو
پاؤں چومے ہیں آسمانوں نے
اِس کو کہتے ہیں برتری دیکھو
جس کو دیکھا تھا غار میں تُو نے
اُس کو سدرہ کے پار بھی دیکھو
رب نے بُلوا کے میزبانی کی
ایسی عزت کسے ملی دیکھو
اِک عجب سا سرور رہتا ہے
جب تصور میں بھی کبھی دیکھو
یاں غیاب و حضور ایک سے ہیں
صاحبِ علم و آگہی دیکھو
سب مسائل کا حل ہو جس کے پاس
ہے کوئی ان سا فلسفی دیکھو
سب غریبوں کے آپ والی ہیں
کوئی ایسا بھی ہے سخی دیکھو
سب یتیموں سے پیار کرتے تھے
یہ تھی شفقت حضور کی دیکھو
جو سوالی بھی در پہ آیا ہے
اُس کی جھولی بھری ہوئی دیکھو
ظلمتیں جس سے دور ہوتی ہیں
اُن کے چہرے کی روشنی دیکھو
کلفتیں دل کی مِٹ گئی ساری
ایسی ہوتی ہے دلبری دیکھو
اِس پہ قربان عظمتیں ساری
فقر دیکھو یا عاجزی دیکھو
سارے عیبوں سے پاک ہیں آقا
یہ ہے معراجِ زندگی دیکھو
آپ ہر طرح سے مکمل ہیں
کیا کوئی رہ گئی کمی دیکھو
اپنے دل کو ہوس سے پاک کرو
اور پھر شانِ بندگی دیکھو
پہلے اُن کو امام کر لو تم
اور پھر لطفِ پیروی دیکھو
جن کے لب پر درود ہوتا ہے
اُن کی آنکھوں میں بھی نمی دیکھو
پہلے بن جاؤ تم نبی کے غلام
اور پھر بندہ پروری دیکھو
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?