By: احمد عطا
صفحۂ زیست جب پڑھوں گا تمہیں
دیر تک چومتا رہوں گا تمہیں
تم بھلے دیکھتے رہو سب کو
میں چھپا کر کہیں رکھوں گا تمہیں
تم بنے ہو بنے رہو خوشبو
میں کسی روز لے اڑوں گا تمہیں
راگ ہو، دل کی دھڑکنوں کا راگ
سامنے بیٹھ کر سنوں گا تمہیں
دیکھنا دیکھتے ہوئے مجھ کو
کس طرح آنکھ میں بھروں گا تمہیں
جاؤ چھپتے پھرو گریز کرو
ایک دن میں بھی دیکھ لوں گا تمہیں
تم بہت دور جا چکے ہو گے
میں کہاں ڈھونڈھتا پھروں گا تمہیں
اک دن احمد عطاؔ بھی خواب ہوا
کہہ گیا خواب میں ملوں گا تمہیں
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?