Bazm e Urdu - The urdu poetry app

کوئی مشکل بات نہیں تھی سیدھے سے افسانے میں

By: Azra Naz

کوئی مشکل بات نہیں تھی سیدھے سے افسانے میں
تم نے کتنی دیر لگا دی دِل کی بات بتانے میں

ہم دونوں نے مل کر جس ویرانے کو گلزار کیا
ہم سے پہلے بھی تھا کوئی ، شاید اُس ویرانے میں

جانے کب اُس شخص نے اپنی دنیا ایک بسا لی تھی
ہم تو بس مصروف رہے لفظوں کے پھول کھلانے میں

چاہت کی بربادی کے اِک تم ہی ذمے دار نہ تھے
شاید کوئی بھول ہوئی تھی ہم سے بھی انجانے میں

خوابوں کی تعبیر نہ دینا شیوہ ہو جن لوگوں کا
کتنے ماہر ہوتے ہیں وہ خوابوں سے بہلانے میں

ان کے تھے،ان کے ہیں اور ان کا ہی ہم کو رہنا ہے
ہم نے ساری عمر لگا دی ان کو یہ سمجھانے میں

ہو جائے نہ خاک نشیمن اپنا ، دشمن تاک میں ہے
وقت ہی کتنا لگتا ہے تنکوں کو آگ لگانے میں

کتنا اچھا دور تھا عذراؔ جب کوئی بھی فکر نہ تھی
ہم مصروف رہا کرتے تھے ہنسنے اور ہنسانے میں


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore