By: Hasan Shamsi
جادو کچھ ایسا چلا مجھ پہ حسن یار کا
اب حال پوچھئے نہ دل بےقرار کا
قسمت سے ہو گیا تھا قدم رنجہ یار کا
اب خوشبؤوں سے حلقہ ہے میرے مزار کا
لایا ہے یار سے میرے ، شب بھر کو مانگ کر
ہے چاند سارا حسن یہ تیرا ادھار کا
رکھ دیتا قدموں میں ترے دل کو نکال کر
ہوتا بھروسہ گر ترے قول و قرار کا
بس کھیل دھوپ چھاؤں کا کھیلے ہے زندگی
ہوتا ہے رقص روز ہی لیل و نہار کا
یا رب ! شراب عشق ہے کیسی بلا عجیب
اب تک ملا نہ توڑ جو اس کے خمار کا
اب حد سے بڑھ گئے ہیں ستمگر ترے ستم
بس بھی کر امتحاں مرے صبر و قرار کا
خواہاں ہوں بس چمن میں بہاروں کا میں حسن
شیدائی ہوں گلوں کا ، نہ دشمن میں خار کا
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?