By: Riffat Yasmin
ہر غم خوشی کا ہی کوئی منظر لگا مجھے
غم اور میں الگ نہیں اکثر لگا مجھے
ہیں کِس قدر فضاؤں میں بے اعتباریاں
پھینکا کِسی نے پھوُل تو پتھر لگا مجھے
موجیں بہا کے جب مجھے ساحل پہ لے گئیں
اُس وقت ماں کی گود سمندر لگا مجھے
جب بھی روایتوں سے بغاوت کِسی نے کی
خود اپنے آپ سے بھی بہت ڈر لگا مجھے
جب سے نکل پڑی ہوں سکوں کی تلاش میں
میری طرح ہر ایک ہی بے گھر لگا مجھے
رفعت سبھی کی صوُرتیں ویران سی لگیں
ہر شخص میرے خواب سا بنجر لگا مجھے
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?