Bazm e Urdu - The urdu poetry app

سیر کرنے سے ہوا لینے سے

By: کاشف حسین غائر

سیر کرنے سے ہوا لینے سے
کام ہے دل کو مزہ لینے سے

دھوپ سائے کی طرح پھیل گئی
ان درختوں کی دعا لینے سے

اس طرح حال کوئی چھپتا ہے
اس طرح زخم چھپا لینے سے

کوئی مقبول دعا ہوتی ہے
صرف ہاتھوں کو اٹھا لینے سے

میرے جیسا وہ نہیں ہو سکتا
میرا انداز چرا لینے سے

رات کچھ اچھی گزر جاتی ہے
چاند کو چھت پہ بلا لینے سے

وقت بے وقت کا آزار ملا
وقت کو ساتھ لگا لینے سے

آج بھی نام وہی ہے اپنا
کیا ہوا نام کما لینے سے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore