Bazm e Urdu - The urdu poetry app

دل تمہاری یاد میں پہلے کبھی رویا نہیں

By: Azra Naz

دل تمہاری یاد میں پہلے کبھی رویا نہیں
ریزہ ریزہ ٹوٹ کر ایسے کبھی بکھرا نہیں

زندگانی گر مکافاتِ عمل کا نام ہے
کاٹتی کیوں پھر رہی ہوں جو کبھی بویا نہیں

آ رہا ہے پیار اُس کی اِس ادا پر ٹوٹ کر
شب کا تارہ رات بھر میرے لیۓ سویا نہیں

لے گئے حالات تجھ کو دور مجھ سے چھین کر
میں نے دانستہ تو میری جاں تجھے کھویا نہیں

رفتہ رفتہ ایک دن یہ مندمل ہو جائے گا
زخم گہرا ہے مگر اتنا بھی تو گہرا نہیں

سامنے میرے رقیبوں کو لئے پھرتا ہے جو
بیوفائی سے بھی اُس کی دل میرا ٹوٹا نہیں

اور بھی تیری طرح سے ہیں شکستہ پا کئی
ایک تو ہی زندگی کی راہ میں تنہا نہیں

کس طرح جانے کٹے گا یہ کڑا لمبا سفر
دھوپ کتنی تیز ہے اور سر پہ بھی سایا نہیں

جو سدا چلتا رہا خوابوں میں میرے ساتھ ساتھ
سامنے آیا تو اک لمحے کو بھی ٹھہرا نہیں

ہو رہا ہے جو اسی پر ہم تو رکھتے ہیں نظر
آگے کیا ہونا ہے ہم نے یہ کبھی سوچا نہ نہیں

ہے بہت آساں ترے قاتل کو اب پہچاننا
اس نے اپنی آستیں سے خوں ابھی دھویا نہیں


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore