Bazm e Urdu - The urdu poetry app

وہ جس گھڑی میں مجھے یاد آ رہا ہو گا

By: Azra Naz

وہ جس گھڑی میں مجھے یاد آ رہا ہو گا
خیال میرا اسے بھی ستا رہا ہوگا

وہ لگ رہا تھا مجھے آج کچھ سراسیمہ
ضرور مجھ سے وہ کچھ تو چھپا رہا ہو گا

دیا تھا دھوکا کبھی اس نے میری چاہت کو
اسے بھی وقت یہ منظر دکھا رہا ہو گا

ہے وہ کھلاڑی کچھ ایسا ہر ایک جرم کے بعد
ثبوت سارے کے سارے مٹا رہا ہوگا

کھڑا کیا ہے جسے اس نے اپنے پاؤں پر
اسی کو دے کے وہ دھکا گرا رہا ہو گا

ذرا سی دھوپ بھی ہمسائے کو نہ مل پائے
دیوار اتنی وہ اونچی اٹھا رہا ہو گا

نجانے کیوں مجھے اس کی صدا نہیں آتی
مجھے یقیں ہے وہ مجھ کو بلا رہا ہوگا

مری طرح سے اگر وہ بھی سچ ہی بولے گا
ہر ایک شخص کو دشمن بنا رہا ہو گا

تڑپتی ہوگی کہیں روح تو مری ماں کی
کوئی بھی جب مرے دل کو دکھا رہا ہوگا

وہ اپنی بزم سے مجھ کو نکال کر عذرا
مجھے یقیں ہے اسے پھر سجا رہا ہوگا


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore