Bazm e Urdu - The urdu poetry app

یہ چمک دھول میں تحلیل بھی ہو سکتی ہے

By: Ali Zaheer

یہ چمک دھول میں تحلیل بھی ہو سکتی ہے
کائنات، اِک نئی تشکیل بھی ہو سکتی ہے
تم نہ سمجھو گے کوئی اور سمجھ لے گا اسے
خامشی، درد کی ترسیل بھی ہو سکتی ہے
کچھ سنبھل کر رہو، ان سادہ ملاقاتوں میں
دوستی، عشق میں تبدیل بھی ہو سکتی ہے
میں ادھورا ہوں مگر خود کو ادھورا نہ سمجھ
مجھ سے مِل کر تری تکمیل بھی ہو سکتی ہے
کاٹنا رات کا آسان بھی ہو سکتا ہے
دل میں اِک یاد کی قندیل بھی ہو سکتی ہے
اس قدر بھی نہ بڑھو دامنِ دل کی جانب
یہ محبت، کوئی تمثیل بھی ہو سکتی ہے
ہاں دل و جان فدا کر دو ظہیر اس پہ مگر
یہ بھی امکان ہے تذلیل بھی ہو سکتی ہے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore