Bazm e Urdu - The urdu poetry app

پیمانِ جنوں

By: NADEEM MURAD

اُرتی پریاں کبھی
میں نے دیکھی نہ تھیں
پر سنا تھا کہ ہیں
دور آکاش پر محو پرواز ہیں
اور اُونچے پہاڑوں پہ آباد ہیں
کوئی بندہ بشر جا نہ پائے جہاں
برف پوش اُونچے اُونچے پہاڑوں کے باغات کے
میٹھے پھل کھاتی ہیں
اور چناروں کے سائے میں سو جاتی ہیں

اُن دنوں ہی سے میں
جب کہ میں ایک چھوٹا سا بچہ ہی تھا
اس تگ و دو میں ہوں
یا فقط عزم ہے
ایک دن ان پہاڑوں پہ چڑھ جاؤں گا
روندھ کر ہر بلندی کو پیروں تلے
اُن سے مل آؤں گا
وہ جو اُڑتی تو ہیں
پر دکھائی نہ دیں
پیرہن جن کا قوسِ قزح کے حسیں رنگ ہیں
جن کے ماتھے پہ ہے روشنی چاند کی
جن کے لہجوں میں ہے نغمگی راگ کی
اور لعابِ دہن جیسے انگور رس
ایسی پریوں سے الفت بڑھا آؤں گا

ماہ و سال آئے گئے یہ کہانی پرانی ہوئی
بھولی بسری ہوئی
اور اب تو یہ سب کچھ خبر ہے مجھے
ایسی مخلوق کوئی جہاں میں نہیں
کیوں کبھی جب پہاڑوں پہ جاتا ہوں میں
برف پوش اُونچے اُنچے پہاڑوں پہ نظریں ٹھہر جاتی ہیں
دل مچل جاتا ہے
جسم کا ہر رُواں سنسنا جاتا ہے
ایک پیمان خود سے کیا
یاد آجاتا ہے

 


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore