Bazm e Urdu - The urdu poetry app

پھر سے سوئی ہوئی چنگاری جگا دی میں نے

By: Farooque Noor

پھر سے سوئی ہوئی چنگاری جگا دی میں نے
تجھ کو چھو کر تو کوئی آگ لگا دی میں نے

جل کے اب خاک نہ ہو جائے کہیں سارا وجود
باتوں باتوں میں بہت بات بڑھا دی میں نے

تیرے انکار کی باقی نہ رکھی گنجائش
درمیاں کی سبھی دیوار گرا دی میں نے

منتظر جتنے دریچے تھے سبھی بند ہوئے
گھر پہنچنے میں بہت دیر لگا دی میں نے

اب ترے وصل کی خواہش بھی نہیں ہے باقی
اس لئے ہجر کی میعاد بڑھا دی میں نے

مجھ سے اس بات پہ ناراض ہے یہ سارا چمن
پھول پہ بیٹھی ہوئی تتلی اڑا دی میں نے

تیری فرقت میں کبھی قرب کا احساس رہا
تیرے پہلو میں کبھی تجھکو صدا دی میں نے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore