Bazm e Urdu - The urdu poetry app

جو شخص بظاہر بتِ غافل کی طرح ہے (ترمیم شدہ )

By: Azra Naz

جو شخص بظاہر بتِ غافل کی طرح ہے
وہ جانِ وفا زیست کے حاصل کی طرح ہے

بس مانگے تری دید کی خیرات صبح و شام
دل گویا مرا کاسۂ سائل کی طرح ہے

طائر کی طرح درد کے پنجرے میں مرا دل
رنجور ہے ،مہجور ہے ، بسمل کی طرح ہے

کر دیتا ہے جو رنج سے پھولوں کے جگر چاک
نالہ مرا فریادِ عنادل کی طرح ہے

مہکا ہوا رہتا ہے سدا تیری مہک سے
د ل میرا تری یادوں کی محفل کی طرح ہے

یہ جان کے دل میرا کوئی خوش تو نہیں ہے
برباد ترا گھر بھی مرے دل کی طرح ہے

پتوں پہ جو گرتی ہوئی رم جھم کی صدا ہے
سننے میں وہ بجتی ہوئی پائل کی طرح ہے

روتے ہوئے تاروں کو جو دیکھا تو لگا یوں
اشکوں کی چمک تاروں کی جھلمل کی طرح ہے

میں اس سے جدا ہو کے نہ جی پاؤں گی عذراؔ
میں لہر سمندر کی وہ ساحل کی طرح ہے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore