By: Dr.Zahid Sheikh
سنگدل تھا اس سے پھر بھی محبت رہی مجھے
خود کو تباہ کرکے بھی راحت رہی مجھے
دنیا ہے مال و زر کی محبت میں مبتلا
برعکس اس کے پیار کی حاجت رہی مجھے
بے وجہ ساری رات وہ سڑکوں پہ گھومنا
اک دور تھا عجیب سی وحشت رہی مجھے
آتا ہے یاد آج بھی شدت سے رات بھر
کب اس کو بھول جانے پہ قدرت رہی مجھے
فکر معاش فن کو مرے چاٹتی رہی
روٹی کی عمر بھر تو ضرورت رہی مجھے
میرے خلوص کا کبھی تجھ سے ملے صلہ
ناداں ہوں آج تک یہی حسرت رہی مجھے
رشتوں کو ٹوٹنے سے بچاتا رہا سدا
اس بات کی ہمیشہ مسرت رہی مجھے
شاید کہ روز حشر مرا کم حساب ہو
انساں سے پیار کرنے کی عادت رہی مجھے
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?