Bazm e Urdu - The urdu poetry app

ہمارے بعد جب سب سے ملو گے

By: Azra Naz

ہمارے بعد جب سب سے ملو گے
کہو تو کِس طرح با تیں کرو گے

بہت مشکل سے پھر تو جی سکو گے
اگر تمُ ساتھ میرا چھوڑ دو گے

کبھی ساون کی جب برسیں پھواریں
کہیں بیٹھے ہوۓ آہیں بھرو گے

کِسی محفل میں میرا نام سُن کر
یہ کیا کم ہے کہ اکثر چونک اٹھو گے

کِسی کا بن کے رہنا تو الگ ہے
خود اپنے بھی نہ ہر گِز بن سکو گے

پرانی بات کوئی یاد کر کے
اکیلے میں کبھی تم رو پڑو گے

گماں ہوگا مِرا ہی جب کبھی بھی
گلی میں پاؤں کی آہٹ سنو گے

مِری نادانیوں کو یاد کر کے
کبھی بے ساختہ تم ہنس پڑو گے

کوئی کاندھا نہ جب رونے کو ہو گا
در و دیوار سے لپٹا کرو گے

مرا سایہ ہمیشہ ساتھ ہو گا
جہاں جس جس جگہ بھی تم چلو گے

ہمارا کیا چلے جائیں گے عذراؔ
مگر یہ درد تم کیسے سہو گے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore