By: Akhtar Muslimi
آئینِ جفا ان کا سمجھے تھے نہ ہم پہلے
ہوتا ہے ستم پیچھے کرتے ہیں کرم پہلے
کیوں سیرِ گلستاں پر ہے چیں بجبیں کوئی
زنداں میں بھی رکّھا تھا میں نے ہی قدم پہلے
آباد رہیں دونوں بُت خانہ بھی کعبہ بھی
یہ بات نہ تھی تم میں اے شیخِ حرم پہلے
ہنستے ہیں گلستاں میں پھر جا کے کہیں غنچے
کرتی ہے دعا شبنم بادیدئہ نم پہلے
ہوتی نہ اگر کُلفت کیا لطف تھا راحت میں
رہتی ہے مسرّت بھی منّت کشِ غم پہلے
کوشاں ہیں نکلنے کو یوں جاں بھی تمنّا بھی
وہ کہتی ہے ہم پہلے یہ کہتی ہے ہم پہلے
ہے نورِ حقیقت کا جویا تو مگر زاہد
اس راہ میں ملتے ہیں انوارِ صنم پہلے
برہم انھیں کرنے کو مجرم مری آنکھیں ہیں
کچھ کہہ نہ سکا ان سے یہ ہوگئیں نم پہلے
بخشا ہے محبت نے کچھ رنگِ اثر شاید
تھا تم میں کہاں اخترؔ یہ زورِ قلم پہلے
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?