Bazm e Urdu - The urdu poetry app

تیری جنت سے ہجرت کر رہے ہیں

By: Basheer Badr

تیری جنت سے ہجرت کر رہے ہیں
فرشتے کیا بغاوت کر رہے ہیں

ہم اپنے جرم کا اقرار کر لیں
بہت دنوں سے یہ ہمت کر رہے ہیں

وہ خود ہارے ہوئے ہیں زندگی سے
جو دنیا پہ حکومت کر رہے ہیں

زمیں بھیگی ہوئی ہے آنسوؤں سے
یہاں بادل عبادت کر رہے ہیں

فضا میں آیتیں مہکی ہوئی ہیں
کہیں بچے تلاوت کر رہے ہیں

ہماری بے بسی کی انتہا ہے
کہ ظالم کی حمایت کر رہے ہیں

پرندوں کے زمیں و آسماں کیا
وطن میں رہ کے ہجرت کر رہے ہیں

غزل کی آگ میں پلکوں کے سائے
محبت کی حفاظت کر رہے ہیں

میں اپنے بھائیوں سے مختلف ہوں
وہ موسم کی شکایت کر رہے ہیں


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore