By: Dr. Khurshid Bazmi
دعا کو یقیں کا اثر چاہیے
دلِ منکسر چشمِ تر چاہیے
عبادت نہیں صرف بھوک اور پیاس
ریاضت کا دردِ جگر چاہیے
پگھل جائے در پیش دل کا جمود
تغافل کا زیر و زبر چاہیے
رہے دل کا روزہ رواں عمر بھر
ہدایت کی ایسی سحر چاہیے
ملے گا مکاں ، لامکاں میں ضرور
مگر پہلے رختِ سفر چاہیے
مرے دل کی تاریکیوں میں، خدا
تری رحمتوں کا گزر چاہیے
تقاضے بشر کے، گناہوں کی گھات
خدا کے کرم کی نظر چاہیے
ملائک کیا جانیں رنجِ خطا
ندامت کو قلبِ بشر چاہیے
عطا کر خدایا جبینِ نیاز
تری بندگی کا ہنر چاہیے
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?