By: یونس تحسین
مست ہوں متقی نہیں ہوں میں
کام کا آدمی نہیں ہوں میں
مجھ کو دنیا کی فکر لاحق ہے
یعنی کوئی ولی نہیں ہوں میں
تیرے معیار کا تو دور کی بات
تیرے مطلب کا بھی نہیں ہوں میں
مذہب عشق کا پیمبر ہوں
ہاں مگر آخری نہیں ہوں میں
ڈر نہیں پاس آ مرے پیارے
نور ہوں روشنی نہیں ہوں میں
مقتدیٰ ہوں میں روز اول سے
کافرا! مقتدی نہیں ہوں میں
عام سے کوزہ گر کا بیٹا ہوں
گاؤں کا چودھری نہیں ہوں میں
مجھ پہ تھوڑا سا غور کر تحسینؔ
ہوں تو پھر عارضی نہیں ہوں میں
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?