By: Azra Naz
کب کوئی موسم رکا ہے جانتے ہیں سب یہ بات
وقت پر ہوتی ہے صبح ، وقت پر ڈھلتی ہے رات
دینے والا ہاتھ ہوتا ہے ہمیشہ بالا تر
حشر تک پھییلا رہے گا مانگنے والے کا ہاتھ
چند لمحوں کی مسرت ڈال دامن میں مرے
عمر بھر کس نے دیا ہے ایک بیگانے کا ساتھ
جب سے میں نے سر زمینِ فکر پہ رکھا قدم
بدلی بدلی لگ رہی ہے مجھ کو ساری کائنات
بات چھوٹی سی ہے لیکن یاد رکھنا تم اسے
چاہتوں کے کھیل میں تو جیت سے بہتر ہے مات
ہم ہی ناداں تھے نہ جو پہچان پائے آپ کو
دو قدم چل کر دکھا دی آپ نے تو اپنی ذات
جو بھی ہے موجود دنیا میں ، وہ سب مٹ جائے گا
اس جہاں میں کیا ہے ایسا جس کو حاصل ہے ثبات
ذرے ذرے میں ہیں پنہاں سب خدا کی قدرتیں
گیت گاتے ہیں اسی کے ڈالی ڈالی پات پات
دل کا یہ عالم ہے عذراؔ جب بھی یاد آتے ہیں وہ
آنسوؤں میں ڈوب جاتی ہے ہماری چاند رات
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?