Bazm e Urdu - The urdu poetry app

پیکرِ صبر و رضا ہونا بہت مشکل ہے

By: Azra Naz

پیکرِ صبر و رضا ہونا بہت مشکل ہے
خو گرِ رنج و جفا ہونا بہت مشکل ہے
عشق میں کرتے ہیں دعوی تو سبھی مرنے کا
کہنا آساں ہے ، فدا ہونا بہت مشکل ہے
خواہشوں اور تمناؤں کے اس پنجرے سے
دل کے پنچھی کا رہا ہونا بہت مشکل ہے
اختلافات سبھی اپنی جگہ پر لیکن
خون کا خوں سے جدا ہونا بہت مشکل ہے
بارہا چاہا کہ میں تم سے خفا ہو جاؤں
پر مرا تم سے خفا ہونا بہت مشکل ہے
میرے دل میں جو محبت کے لئے جذبہ ہے
اس کا لفظوں میں ادا ہونا بہت مشکل ہے
دل میں بس جانا بڑی بات نہیں ہے عذراؔ
دل کی دنیا کا خدا ہونا بہت مشکل ہے
 


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore