Bazm e Urdu - The urdu poetry app

بھول کر اپنی اڑانیں ہوئے گھائل تیرے

By: Amer Roohani

بھول کر اپنی اڑانیں ہوئے گھائل تیرے
ہم سے آوارہ بھی ہو بیٹھے ہیں مائل تیرے

تجھے پانے کی یہی شرطِ اگر ہے تو چلو
سوچے سمجھے بنا ہو جائیں گے قائل تیرے

کیا کھلیں عشق کے اسرار و لطائف ہم پر
زندگی! ختم نہیں ہوتے مسائل تیرے

بانٹنا حسن کی دولت کو ذرا رک رک کر
کچھ خریدار ہیں کچھ لوگ ہیں سائل تیرے

کوئی زنجیر بکف نکلا ہے تیری جانب
کوئی چوپال میں گاتا ہے خصائل تیرے

تیری مٹی سے مری شان ہے اے ارض ِوطن
اپنے بچوں کو بتاؤں گا فضائل تیرے

تو نے دیکھا تو کہیں ہو گا خدا کو لیکن
کون مانے گا مرے یار دلائل تیرے

خواہشیں قید ہیں اک بند گلی میں اب تک
کتنے محدود ہیں تقدیر وسائل تیرے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore