Bazm e Urdu - The urdu poetry app

نہ حشم چاہیۓ ہم کو نہ جاہ مانگتے ہیں

By: Azra Naz

نہ حشم چاہیۓ ہم کو نہ جاہ مانگتے ہیں
کہ ہم تو صرف خدا کی پناہ مانگتے ہیں

وہ جنگجو ہیں کچھ ایسے کہ روزِ میداں میں
شکست کھانے کو بھی اک سپاہ مانگتے ہیں

نہیں ہے غرض تری ذات سے ہمیں کوئی
کہ ہم تو تم سے فقط رسم و راہ مانگتے ہیں

کہا جو تم نے وہ تسلیم کر لیا ہم نے
کوئی ثبوت ، نہ کوئی گواہ مانگتے ہیں

ہیں لو گ ایسے بھی کتنے خدا معاف کرے
گناہ کرنے کو تابِ گناہ مانگتے ہیں

کبھی مدد تو کبھی قرض کے بہانوں سے
ہمارے رہنما گاہ گاہ مانگتے ہیں

دیا ہے تو نے بہت کچھ اگرچہ بن مانگے
خدایا تیرے کرم کی نگاہ مانگتے ہیں

ہو ملک و قوم سے جس کو ذرا سی ہمدردی
خدا سے ایسا کوئی سربراہ مانگتے ہیں

نہ انتقام ہی رکھتے ہیں کوئی سوچوں میں
نہ ہم عدو کا ہی حالِ تباہ مانگتے ہیں

نہیں تمنا زمانے پہ حکمرانی کی
نہ پھر سے ہم کوئی یومِ سیاہ مانگتے ہیں


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore