By: ورد بزمی
غزل غزل جو اجالا ہے سب تمہارا ہے
جو سحرِ شعر کا ہالہ ہے سب تمہارا ہے
خلوص، مہر، محبت، وفا، یقیں ایثار
جو دل کی تہہ سے نکالا ہے سب تمہارا ہے
ہر ایک موڑ پہ تھیں بدگمانیاں رہزن
جو، زارِ عشق سنبھالا ہے سب تمہارا ہے
کہیں پہ لیلیٰ، کہیں شیریں اور کہیں پر ہیر
صدی صدی جو حوالہ ہے سب تمہارا ہے
کسی بھی طور نکلنا ہے جس سے ناممکن
جو، اضطراب کا جالا ہے سب تمہارا ہے
کہاں میں اور کہاں جدّتِ سخن جاناں
یہ جو خیال نرالا ہے سب تمہارا ہے
ہوا نے وَرۡد کی خوشبو کو رنگ کی صورت
دھنک دھنک جو اچھالا ہے سب تمہارا ہے
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?