By: M Usman Jamaie
یہ اور قصہ ہے جس کردار تم ہوئے ہو
تمھیں گُماں ہے کہ خود کو دُہرائے گی کہانی
جو دور نظروں سے ہوگیا ہے
وہ ڈول سے محل تک کے سب مرحلوں سے ہوکر
تمھاری آنکھوں میں آبسے گا
ہماری مانو! چراغ امید کے بجھادو
یقین کرلو!
تمھارا یوسف کسی کنوئیں میں نہیں ملے گا
غلام بازار میں اس کی قیمت نہیں لگے گی، نہیں بکے گا
اسے تو بس خواب دیکھنے کی سزا ملے گی
تمھارے یوسف کا پاک دامن
ستم زدوں کے لرزتے ہاتھوں میں آگیا تھا
ٹھہر گیا تھا، جھٹک کے دامن نہ جاسکا تھا
جب اس کی آنکھوں میں خواب جاگے
تو زندگی میں عذاب اُترے
فصیلِ زنداں کے باب اُترے
یہ مت سمجھنا کہ خون سے تر کوئی لبادہ
تمھاری آنکھوں کو نور دے گا
لہو میں ڈوبا ہوا جو کُرتا
تمھاری چوکھٹ پہ آرہا ہے
تمھاری یوسف کا چھلنی سینہ بھرا ہے اس میں
یہ اور قصہ ہے جس کے کردار تم ہوئے ہو
اور اس میں سوتیلے بھائیوں کے تمام کردار
بھیڑیوں کو ملے ہوئے ہیں
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?