By: Azra Naz
عمر گذری ہے وفا کا حق ادا کرتے ہوۓ
ڈر رہے ہیں پِھر بھی عرضِ مدعا کرتے ہوۓ
ان کی نظروں سے ہیں اوجھل سرخیاں اخبار کی
خوش ہیں شاید اس لیۓ وہ تبصرہ کرتے ہوۓ
بات ساری ایک دِن اپنے ہی سر آجاۓ گی
کب ہمیں معلوم تھا شرحِ وفا کرتے ہوۓ
جرمِ الفت میں تو تھے وہ بھی برابر کے شریک
چل دیۓ تجویز جو میری سزا کرتے ہوۓ
بھوُ ل آۓ ہیں صدائیں اپنی جانے کِس جگہ
ساری دنیا کو وہ اپنا ہمنوا کرتے ہوۓ
توڑتے نہ اِس طرح عہدِ وفا ہم سے کبھی
سوچ لیتے آپ گر عہدِ وفا کرتے ہوۓ
لِکھ لیا ہے ساتھ اپنے نام ہم نے آپ کا
اور گہرا ہاتھ پہ رنگِ حِنا کرتے ہوۓ
اِس قدر جلدی دعا ہو جاۓ گی اپنی قبول
یہ نہ سوچا تھا کبھی ہم نے دعا کرتے ہوۓ
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?