Bazm e Urdu - The urdu poetry app

جنوں نے سُوئے تمنا اُچھال رکھا ہے

By: ورد بزمی

جنوں نے سُوئے تمنا اُچھال رکھا ہے
اس اضطراب نے مجھ کو سنبھال رکھا ہے

جسے یقینِ وفا نے اُجال رکھا ہے
اُس ایک رنگ کو خوشبو میں ڈھال رکھا ہے

یہ کون ہے جو سِوا تجھ سے تجھ میں دکھتا ہے
ہر آئینے میں یہی اک سوال رکھا ہے

اگر ہو پاس بھی کوئی تو کر نہیں سکتا
ترے خیال نے جتنا خیال رکھا ہے

ترے ہی دم سے تو ہے جانِ حسن و رعنائی
یہ خواہشوں میں جو عکسِ جمال رکھا ہے

ہر ایک حرف میں خوشبو اُسی کی آتی ہے
بنا کے پھول جسے ڈال ڈال رکھا ہے

کوئی بھی درد زمانے کا درد لگتا نہیں
کہ تیرے درد کو ہم نے مثال رکھا ہے

یہ فاصلے تو ہیں مہمان چند لمحوں کے
اسی امید نے مجھ کو نہال رکھا ہے

اتر رہی ہے ہر اک سانس میں تبھی خوشبو
ہوا نے وَرۡد سے رشتہ بحال رکھا ہے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore