Bazm e Urdu - The urdu poetry app

نعت النبی ﷺ

By: Dr. Muhammed Husain Mushahid Razvi

درِ خیرالبشر ہے اور ہم ہیں
مقدر عرش پرہے اور ہم ہیں
کہاں ہم سے کمینے اور یہ در
کرم خود راہ برہے اور ہم ہیں
یہی کہتی ہیں بھیگی بھیگی پلکیں
کہ معراجِ نظر ہے اور ہم ہیں
سراپا نور میں ڈوبے منارے
تجلی ریز گھرہے اور ہم ہیں
سنہری جالیاں یہ قبلۂ دل
مِٹا داغِ جگر ہے اور ہم ہیں
چمکتا اور دمکتا سبز گنبد
سکوں کا اک سفر ہے اور ہم ہیں
چمکتے سبز گنبد کی چمک سے
کہ شرمندہ قمر ہے ، اور ہم ہیں
سبحان اللہ ! نوری نوری کیاری
فِدا خود خلدِ تر ہے اور ہم ہیں
بقیعِ پاک بھی پیشِ نظر ہے
خوشا جنت نگر ہے اور ہم ہیں
فرازِ عرش سے بڑھ کر یہ تُربت
کہ نوری رہِ گذر ہے اور ہم ہیں
نگاہوں میں بسے جلوے اُحد ہے
کہ نوری رہِ گذر ہے اور ہم ہیں
قُبا نے نور بخشا زندگی کو
کہ نوری رہِ گذر ہے اور ہم ہیں
خزینہ نور کا اک ایک ذرّہ
کہ نوری رہِ گذر ہے اور ہم ہیں
ہے لمحہ لمحہ کیا خوشبو بداماں
بسی کیا مشکِ تر ہے اور ہم ہیں
مُشاہدؔ نے ثنا در پر لکھی یہ
مِلا اوجِ ہنر ہے اور ہم ہیں
(۲جمادی الاولیٰ ۱۴۳۵ھ بمطابق ۴ مارچ ۲۰۱۴ء بروز منگل بہ حضور مواجہہ شریف)
 


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore