Bazm e Urdu - The urdu poetry app

میں اس سے دور ہوں یہ دل ہے بے قرار بہت (گیت)

By: Dr.Zahid Sheikh

میں اس سے دور ہوں یہ دل ہے بے قرار بہت
وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت

مرا وطن تو زمیں پر ہی ایک جنت ہے
خدا کا لاکھ کرم ، اس کی خاص رحمت ہے
ہر ایک چیز پہ دیکھو تو ہے نکھار بہت

وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت

حسیں فضائیں ہر اک سمت گنگناتی ہیں
ہوائیں جھوم کے چلتی ہیں ، مسکراتی ہیں
شجر شجر پہ اترتی ہے نو بہار بہت

وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت

ہے ماں کی گود وطن کی زمین میرے لیے
کہ اس سے بڑھ کے نہیں کچھ حسین میرے لیے
قدم قدم پہ ہیں قدرت کے شاہکار بہت

وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت

اگرچہ زیست میں میری کوئی کمی تو نہیں
وطن سے دور خوشی بھی مگر خوشی تو نہیں
کہ یاد آتے ہیں بچپن کے دوست یار بہت

وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت

ہو اختیار تو اڑ کر وہاں چلا جاؤں
نجانے کیسا ہے اب میرا وہ حسیں گاؤں
اگے تو آج بھی ہوں گے وہاں چنار بہت

وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت

جو کھیلتی تھی کبھی ساتھ یاد آتی ہے
پری وہ خوابوں میں آ کر مجھے ستاتی ہے
کیا تو ہو گا مرا اس نے انتظار بہت

وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت

بچھڑ کے اپنوں سے پردیس میں ٹھکانا ہے
وہ اک زمانہ تھا اور یہ بھی اک زمانہ ہے
اکیلا رہ کے میں ہونے لگا بیزار بہت

وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت

میں اس سے دور ہوں یہ دل ہے بے قرار بہت
وطن کی مٹی پہ آتا ہے مجھ کو پیار بہت


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore