Bazm e Urdu - The urdu poetry app

سو بار یہ دل ٹوٹا

By: سرور فرحان سرور

سو بار یہ دل ٹوٹا، سو بار ہوئے سودائی
جب بھی کسی لڑکی نے ہم کو ہے کہا بھائی

کالج کے چکر نے چکر میں ہمیں ڈالا
کینٹین میں ہے رونق اور کلاس میں تنہائی

ماں باپ کا کہنا تھا، دل لگا کے پڑھا کرنا
یاں چہرے کتابی ہیں، ہم کرتے ہیں پڑھائی

ہے دردِ محبت کا انجام غمِ ہستی
محبوبہ کے بھائی سے جب ہوتی ہے پٹائی

ذہانت سے جلتے ہیں سارے ہی میرے ٹیچرز
ہر ایک نے فیل کر کے بس مار ہی کھِلوائی

فضول قواعد ہیں، سر پیر نہیں کوئی
دو چار جُہلاء نے اندھیر ہے مچائی

تانیث ہے ہمسائی، ہمسائے کی گر یارو
چوپائے کی مؤنث، کیونکر نہیں چارپائی؟

ایگزام سے کیا حاصل؟ بیکار کی ٹینشن ہے
پاس ہونے پہ خرچہ ہے، فیل ہونے پہ رُسوائی

سوچا ہے یہی سرور، بدلیں گے زمانے کو
فی الحال کتابوں سے شامت ہے میری آئی


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore