Bazm e Urdu - The urdu poetry app

قطعہ کلامی - 2

By: Anwar Masood

انشورنس ایجنٹ

آپ کرائیں بیمہ چھوڑ دیں سب اندیشوں کو
اِس خدمت میں سب سے بڑھ کر روشن نام ہمارا ہے
خاصی دولت مل جائے گی آپ کے بیوی بچوں کو
آپ تسلّی سے مر جائیں باقی کام ہمارا ہے

امر واقعہ

لطفِ نظارہ ہے اے دوست اسی کے دم سے
یہ نہ ہو پاس تو کوئی رونقِ دنیا کیا ہے
تیری آنکھیں بھی کہاں مجھ کو دکھائی دیتیں
میری عینک کے سوا دنیا میں رکھا کیا ہے

باتیں اور ملاقاتیں

آؤ اس کے اصل گورے رنگ سے
اب تصوّر میں ملاقاتیں کریں
آؤ پھر ماضی کی یادیں چھیڑ دیں
آؤ خالص دودھ کی باتیں کریں

کہتا ہوں سچ ۔ ۔ ۔

یہی تو ہے بڑی خوبی ہماری
کہیں اس ملک میں رشوت نہیں ہے
اور اس سے بڑھ کے ہے ایک اور خوبی
کسی کو جھوٹ کی عادت نہیں ہے

جنگل

تمہاری بھینس کیسے ہے کہ جب لاٹھی ہماری ہے
اب اس لاٹھی کی زد میں جو بھی آئے ہمارا ہے
مذمّت کاریوں سے تم ہمارا کیا بگاڑو گے
تمہارے ووٹ کیا ہوتے ہیں جب ویٹو ہمارا ہے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore