Bazm e Urdu - The urdu poetry app

خود کو چڑھتے ہوئے طوفاں سے بچایا نہ گیا

By: Dr.Zahid Sheikh

اس کے چہرے سے ان آنکھوں کو ہٹایا نہ گیا
خود کو چڑھتے ہوئے طوفاں سے بچایا نہ گیا

گو ترے آنسو مرے غم کا مداوا ٹھہرے
زخم یہ بھر تو گیا داغ مٹایا نہ گیا

مدتیں بیت گئیں اس سے ملاقات ہوئے
ایک پل بھی وہ مگر دل سے بھلایا نہ گیا

مان جاتا ، نہ ہمیشہ کی جدائی ہوتی
روٹھنے والے کو کیوں ہم سے منایا نہ گیا

اس میں اب بھی ہے ترے نام کی دھڑکن باقی
دل پہ اک نقش بنایا تھا مٹایا نہ گیا

یوں تو تاریکی میں پھیلی تھیں روپہلی کرنیں
دل گریزاں تھا جو پلکوں کو اٹھایا نہ گیا

سانس چلتی ہے نہ رکتی ہے عجب عالم ہے
بات کچھ اور ہے وہ شوخ تو آیا نہ گیا

دعوت حسن تھی اور لب بھی مرے پیاسے تھے
جانے کیوں چھلکا ہوا جام اٹھایا نہ گیا

اپنے حالات سے مجبور تھے دونوں زاہد
فاصلہ بڑھتا گیا ہم سے مٹایا نہ گیا


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore