Bazm e Urdu - The urdu poetry app

نُوری محفل پہ چادر تنی نُور کی نُور پھیلا ہوا آج کی رات ہے

By: حضرت علامہ صائم چشتی رحمۃ اللہ علیہ

نُوری محفل پہ چادر تنی نُور کی نُور پھیلا ہوا آج کی رات ہے
چاندنی میں ہیں ڈُوبے ہوئے دوجہاں کون جلوہ نُما آج کی رات ہے

عَرش پر دُھوم ہے فرش پر دُھوم ہے، ہے وہ بَدبخت جو آج محروم
پھر یہ آئے گی شب کِس کو معلوم ہے ہم پہ لُطفِ خُدا آج کی رات ہے

مومنو آج گنجِ سخا لُوٹ لو ، لُوٹ لو اَے مریضو شِفا لُوٹ لو
عاصیو رحمتِ مصطفےٰ لُوٹ لو ، بابِ رحمت کُھلا آج کی رات ہے

اَبرِ رحمت ہیں محفل پہ چھائے ہوئے آسماں سے ملائک ہیں آئے ہوئے
خود محمد ہیں تشریف لائے ہوے کِس قدر جانفزا آج کی رات ہے

مانگ لو مانگ لو چشمِ تر مانگ لو ، دَردِ دِل اور حُسنِ نظر مانگ لو
کملی والے کی نگری میں گھر مانگ لو مانگنے کا مزا آج کی رات ہے

ِاِس طرف نُور ہے اُس طرف نور ہے سارا عالم مسرّت سے معمور ہے
جس کو دیکھو وہی آج مُسرور ہے مَہک اُٹھی فضا آج کی رات ہے

وقت لائے خُدا سب مدینے چلیں لُوٹنے رحمتوں کے خزینے چلیں
سب کے منزل کی جانب سفینے چلیں میری صاؔئم دُعا آج کی رات ہے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore