By: یاسر خان
مری چیخوں سے کمرہ بھر گیا تھا
کوئی کل رات مجھ میں مر گیا تھا
بہت مشکل ہے اس کا لوٹ آنا
وہ پوری بات کب سن کر گیا تھا
مجھے پہچانتا بھی ہے کوئی اب
میں بس یہ دیکھنے ہی گھر گیا تھا
زمانہ جس کو دریا کہہ رہا ہے
ہماری آنکھ سے بہہ کر گیا تھا
کئی صدیوں سے سوکھا پڑ رہا ہے
یہاں اک شخص پیاسا مر گیا تھا
ہمارا بوجھ تھا سر پر ہمارے
تمہارے ساتھ تو نوکر گیا تھا
یہ مت سمجھا خطا کس سے ہوئی تھی
بتا الزام کس کے سر گیا تھا
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?