By: Anwar Kazimi
ہر زخم زخم تجھ کو پکارے تمام رات
سویا نہیں میں درد کے مارے تمام رات
آ جا کہ انتظار میں کب تک بھلا کوئی
مثلِ چراغِ راہ گزارے تمام رات
کتنا عجیب تھا ، مجھے بے چین دیکھ کر
اُڑتے رہے فلک پہ ستا رے تمام رات
تو بھی سکونِ قلب کو ترسے مرِی طرح
تو بھی تڑپ تڑپ کے گزارے تمام رات
کہہ دو اداس رُت سے مرِے ساتھ بیٹھ کر
زُلفِ شبِ سیاہ سنوارے تمام رات
لکھو گے میرا نام جو سپنوں کے پنکھ پر
جاگا کر یں گے نین تمہارے تمام رات
مثلِ چراغ ہی مجھے رہنے دے بزم میں
جلتا رہو ں گا ایک کنارے تمام رات
نوٹ۔ اس غزل کے ایک شعر کا مرکزی خیال کسی نامعلوم شاعر کے شعر سے ماخوز ہے
Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?