Bazm e Urdu - The urdu poetry app

تری چاہت میں جلنا چاہتے ہیں

By: Azra Naz

تری چاہت میں جلنا چاہتے ہیں
شمع بن کر پگھلنا چاہتے ہیں

ابھی رک گردشِ ایام تھوڑا
ذرا سا ہم سنبھلنا چاہتے ہیں

انہی پہ تاج دے گا زیب اک دن
جو سر کٹ کر اچھلنا چاہتے ہیں

مجھے ٹھکرا دیا جن قافلوں نے
وہی اب ساتھ چلنا چاہتے ہیں

نجانے کب سے آنکھوں میں رکے ہیں
یہ چشمے اب ابلنا چاہتے ہیں

حدوں نے کر دیا محدود ہم کو
حدوں سے ہم نکلنا چاہتے ہیں

اگر بدلاوَ اچھا ہے تو ہم بھی
ذرا خود کو بدلنا چاہتے ہیں

بہت سے اب بھی ہیں ارمان باقی
جو شدت سے مچلنا چاہتے ہیں

انھیں بہلائیے خوابوں سے عذرا
جو خوابوں سے بہلنا چاہتے ہیں
 


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore