Bazm e Urdu - The urdu poetry app

بڑی ہی چاہ سے دلہن بنی تھی میں ہائے ( گیت)

By: Dr.Zahid Sheikh

پیا کی راہ تکوں دل یہ ڈوبتا جائے
مایوسیوں کے ہر اک سمت بڑھ گئے سائے

کیا تھا جن کے لیے میں نے آج سولہ سنگھار
تھا جن کے قدموں کی آہٹ کا شام سے انتظار

لو رات بیت گئی وہ مگر نہیں آئے
مایوسیوں کے ہر اک سمت بڑھ گئے سائے

سہاگ رات تھی یا غم کی رات تھی کوئی
مرے لیے نہ وفا کی سوغات تھی کوئی

ستم بتا مری تقدیر مجھ پہ کیوں ڈھائے
مایوسیوں کے ہر اک سمت بڑھ گئے سائے

انوکھے درد لیے یہ نئی سحر آئی
خموش لب ہیں مگر آنکھ میری بھر آئی

کروں میں کیا مرا دل بار بار گھبرائے
مایوسیوں کے ہر اک سمت بڑھ گئے سائے

سہیلیوں کو نہ بابل کو کچھ بتاؤں گی
مگر یہ درد بھلا کس طرح چھپاؤں گی

بڑی ہی چاہ سے دلہن بنی تھی میں ہائے
مایوسیوں کے ہر اک سمت بڑھ گئے سائے

پیا کی راہ تکوں دل یہ ڈوبتا جائے
مایوسیوں کے ہر اک سمت بڑھ گئے سائے


Install Bazm-e-Urdu now to search through over 50000+ Urdu Poems and share as text or customized images. More than 1000+ images to choose from. So what are you waiting for?


Download on google play Download on appstore